جہاں جاؤں وہاں نور ہدایت ہو تو کیا کہنا
تصور میں رخ پاک رسالت ہو تو کیا کہنا
گھٹا چھائی فضا ٹھنڈی، ہوا محو نوا سنجی
اب ایسے میں اگر ان کی زیارت ہو تو کیا کہنا
مہک اٹھے ہیں میرے بوستان دل کے گل بوٹے
مرے سرکارﷺ آنے کی عنایت ہو تو کیا کہنا
یہاں عقدہ کشائی ہے وہاں رمز آشنائی ہے
یہ جلوت ہو تو کیا کہنا وہ خلوت ہو تو کیا کہنا
وہی دل ہاں وہی یعنی اسیر کاکل مشکیں
مرے آقاﷺ ترا دارالحکومت ہو تو کیا کہنا
نہ آئے یاد کچھ بھی ماسوائے گنبد خضریٰ
مجھے سارے جہاں سے ایسی غفلت ہو تو کیا کہنا
سبق دیتی ہے اے اخؔتر یہی شانِ اُویسانہ
شہید نرگس رعنائے فرقت ہو تو کیا کہنا