زہے عزّت و اعتلائے محمدﷺ

زہے عزّت و اعتلائے محمدﷺ
کہ ہے عرشِ حق زیرِ پائے محمدﷺ

مکاں عرش اُن کا فلک فرش اُن کا
مَلک خادمانِ سرائے محمدﷺ

خدا کی رضا چاہتے ہیں دو عالم
خدا چاہتا ہے رضائے محمدﷺ

عجب کیا اگر رحم فرما لے ہم پر
خدائے محمد برائے محمدﷺ

محمد برائے جنابِ الٰہی!
جنابِ الٰہی برائے محمدﷺ

بسی عطرِ محبوبیِ کبریا سے
عبائے محمد قبائے محمدﷺ

بہم عہد باندھے ہیں وصلِ ابد کا
رضائے خدا اور رضائے محمدﷺ

دمِ نزع جاری ہو میری زباں پر
محمد محمد خدائے محمدﷺ

عصائے کلیم اژدہائے غضب تھا
گِروں کا سہارا عصائے محمدﷺ

میں قربان کیا پیاری پیاری ہے نسبت
یہ آنِ خدا وہ خدائے محمدﷺ

محمد کا دم خاص بہرِ خدا ہے
سوائے محمد برائے محمدﷺ

خدا اُن کو کس پیار سے دیکھتا ہے
جو آنکھیں ہیں محوِ لقائے محمدﷺ

جلو میں اجابت خواصی میں رحمت
بڑھی کس تزک سے دُعائے محمدﷺ

اجابت نے جھک کر گلے سے لگایا
بڑھی ناز سے جب دعائے محمدﷺ

اجابت کا سہرا عنایت کا جوڑا
دُلھن بن کے نکلی دعائے محمدﷺ

رَضا پل سے اب وجد کرتے گزریے
کہ ہے رَبِّ سَلِّمْ صَدائے محمدﷺ

حدائقِ بخشش

Share this article
Shareable URL
Prev Post

طوبیٰ میں جو سب سے اونچی نازک سیدھی نکلی شاخ

Next Post

اے شافعِ اُمَم شہِ ذی جاہ لے خبر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Read next