سیرتِ پاک تفسیرِ قرآن ہے

ذِکرِ خیر البشر کو عاَم کریں
روحِ غمگین کو شاد کام کریں
نام ان کا سجَا کے ہونٹوں پر
روشن اپنا جہاں میں نام کریں

سیرتِ پاک تفسیر قرآن ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

ان کی پہچان اللہ کی پہچان ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

اولیاء اصفیا ان کے پالے ہوئے چاند تارے انہیں کے اجالے ہوئے

ہر تجلی پہ ان کا ہی احسان ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

ہر کرم ہر عطا کا وہ معیار ہے ہر خزانے کا لاریب مختار ہے

بندہ پرور دو عالم کا سلطان ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

سورۂ نور اُن کا رُخ پُرضیا زلف واللّیل ہے آنکھ بحر عطا

حسنِ کونین قدموں پہ قربان ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

پیار ان کا ہے سرمائیہ دو جہاں ان کا غم بندگی درد آرامِ جاں

میکدہ روح کا انکا ارمان ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

حرف آغازِ قرآں سے وَالنّاس تک منظر ِ حسن سے حُسن ِ احساس تک

خالقِ حُسن انکا ثناخوان ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

دین ہے ان کے جینے کی پیاری ادا یاد ان کی ہے معراجِ یادِ خدا

ان کی نسبت سے ایمان ایمان ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

آپ کو جاننا حق کو پہچاننا آپ کو اپنا حاجت روا ماننا

اور کس چیز کا نام عرفان ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

سوزِ عشق نبی حاصل ِ بندگی اور خاؔلد کا ایمان بھی ہے یہی

عظمتیں دیکھ کر عقل حیران ہے میرے پیارے محمد کی کیا شان ہے

Share this article
Shareable URL
Prev Post

زخم بھر جائیں گے سب چاک گریبانوں کے

Next Post

جس نے نبی کے عشق کوایماں بنا لیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Read next