نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
ولادت مصطفیﷺ کے لمحے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
نُجوم و اختر زمین پر تھے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
نِگہ محلّات شام پر تھی، کرامتِ آمنہ تو دیکھو
زمین مکّہ سے ایسے جلوے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
گرے تھے کُنْگْرے بھی ٹوٹ کر جب محل بھی کِسْریٰ کا شق ہواتھا
ہوئے تھے اُس سلطنت کے ٹکڑے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
حلیمۂ سعدیہ کی ناقہ بھی دوڑتی تھی خوشی میں کیسی
تھنوں سے بکری کے جاری چشمے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
عجب سماں تھا شگاف سینہ سے قلب انور چمک رہا تھا
نہ نکلے اس سے لُہو کے قطرے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
نہ دیکھی ایسی قمر کی شوخی نبیﷺ کی انگلی پہ چل رہا تھا
تھے آپ جس دم مہد میں لیٹے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
علی کے تسکینِ دل کی خاطر نبیﷺ نے سورج سے کیا کہا تھا
پلٹ پڑا وہ قدم جو الٹے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
پڑھا تھا پتّھر نے پاک کلمہ، درخت جڑ سے اُکھڑ کے آیا
عجیب منظر حسیں تھے سارے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
سعی یہ تیری نہیں ہے حافؔظ جو اُن کے اوصاف لکھ رہا ہے
نبیﷺ کی نعتیں ترے قلم سے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
(۲۰ رجب المرجب ۱۴۳۹ھ/۱۷ اپریل ۲۰۱۸ء) نزیل مورشس